کیوی ٹیم شاہینوں کو فتح کا موقع آسانی سے نہیں دے گی
ابوظبی:پاکستان اور نیو زی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ابو ظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو کلین سویپ کرنے کے بعد اپنی نمبر ون پوزیشن مستحکم کرکے فتح کیلئے پر اعتماد ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے جو آسٹریلیا کے ساتھ سیریز میں دی گئی ٹرافی سے قدرے مختلف ہے۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ کے علاوہ شعیب ملک بیٹنگ لائن کا سہارا ہیں جبکہ فخرزمان کا فارم میں آنا ٹیم کیلئے اہم ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف تینوں میچوں میں بیٹنگ لائن ایک مرتبہ بھی کوئی بڑا ہدف قائم کرکے حریف ٹیم کو دباو میں نہیں لا سکی۔ ہر مرتبہ بولرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے معمولی اہداف کا کامیابی سے دفاع کیا۔آسٹریلیا کی نسبت نیوزی لینڈ کی ٹیم زیادہ متوازن اور تجربہ کار ہے۔ عام تاثر یہی ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کو آسانی سے فتح کا موقع نہیں دے گی۔ اماراتی وکٹوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیوی ٹیم انتظامیہ نے ٹیم میں2اسپنرز کو شامل کر رکھا ہے جو پاکستانی بیٹسمینوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔دوسری جانب اسے کپتان کین ولیمسن، اوپنر کولن منرو اور آل راونڈر کورے اینڈرسن کی خدمات حاصل ہیں جو پاکستانی بولرز کے لئے تر نوالہ ثابت نہیں ہوں گے۔ اگرچہ اس سال پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پرٹی ٹوئنٹی سیریز میں1-2سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم میزبان ٹیم کو پھر بھی محتاط رہنا ہوگا۔ پاکستانی ٹیم حسب معمول اپنے بولرز پر زیادہ انحصار کرے گی تاہم بیٹنگ میں بابر اعظم اور محمد حفیظ ٹیم کا سہارا بن سکتے ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابل مقابلہ اسکور بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ سیریز کےلئے اسی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے جس نے آسٹریلیا کو کلین سویپ کیا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں