نجران میں گرج چمک کیساتھ بارش، ابہا میں برفباری ، تربہ میں سیلاب
ریاض- - - - -سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں منگل کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ نجران ، ابہاء، تربہ، ینبع اور جازان میں بارش کا سلسلہ صبح سویرے سے رات گئے تک جاری رہا۔ جدہ کا مطلع ابر آلود تھا۔ صبح کے وقت مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی کبھی دھوپ اور کبھی ابر ایک دوسرے سے آنکھ مچولی کرتے رہے۔ نجران شہر ، حبونا، بدر الجنوب اور ثار کمشنریوں میں گرج چمک کے ساتھ رات نجران میں گرج چمک کیساتھ بارش، ابہا میں برفباری ، تربہ میں سیلاب10بجے تک بارش ہوتی رہی۔ ابہاء کے بنی مازن قریوں کوہستانی علاقے میں زبردست ژالہ باری ہوئی۔ پہاڑی علاقے میں جمی برف سفید چادر کا منظر پیش کرنے لگی۔ ابہا اور اس کے مضافات میں کہیں ہلکی پھلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ خمیس مشیط ، رجال المع، محایل، النماص اور احدرفیدہ کمشنریاں بارش کی زد میں رہیں۔ تربہ کمشنری اس کے قریوں اور تحصیلوں میں وادی مرکز العرقیین اور حضن سے آنے والے سیلاب نے وادی الخرمہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شہری دفاع کے اہلکار راہگیروں کو خطرات سے خبردار کرنے کیلئے وادی الخرمہ کے اطراف پھیل گئے۔ ماہرین موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آج بدھ کو بھی یہاں بارش کا قوی امکان ہے۔ ینبع کمشنری میں صبح کے وقت ہونے والی موسلا دھار بارش سے پورے علاقے میں پانی بھر گیا۔ بلدیہ کے حکام نکاسی آب کے نظام کی اصلاح اور جگہ جگہ پانی سے بن جانے والے تالاب کو قابو کرنے کیلئے نکاسی کی کارروائی کرتے رہے۔فی گھنٹہ 420مکعب میٹر پانی نکالنے والے 18پمپ جگہ جگہ نصب کر دیئے۔بارش کے باعث سڑکوں پر جمع ہو جانے والے کباڑ کی صفائی بھی کی جاتی رہی۔ جازان ریجن میں الدرب کمشنری کے ماتحت عجیبی اور الدملج قریوں کے باشندے کوہستانی علاقوں سے آنے والے سیلاب کے باعث وادی عرمرم اور ریم میں پھنس گئے۔ سیلاب اس قدر تیزی سے اور اچانک آیا کہ مقامی باشندے حیران رہ گئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ 30برس سے زیادہ عرصے سے سیلاب کے سدباب کی درخواستیں کر رہے ہیں ۔ماہرین موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج بھی مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔