مسلسل11ویں سیریز جیتنے کیلئے سرفراز الیون پرعزم
دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ سرفراز الیون کے لئے مسلسل 11ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا موقع ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ یہ میچ جیت کر سیریز میں واپس آنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ روکنے کی بھی بھرپور کوشش کرے گی۔پاکستانی ٹیم اس فارمیٹ میں اب تک مسلسل7 میچ جیت چکی ہے اور آج آٹھویں فتح کی صورت میں وہ سیریز میں ناقابل شکست برتری کے ساتھ کامیابی اپنے نام کرسکتی ہے۔پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے بولرز کے بعد بیٹسمینوں کی اچھی کارکردگی نے جس طرح اس میچ کو دلچسپ اور سنسنی خیز بنایا اس سے پاکستانی ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بھی بج چکی ہے کیونکہ مہمان ٹیم کو صرف2رنز کے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور کامیابی کے بہت قریب آکر اس سے محروم ہوئی۔کیوی اوپنر کولن منرو کے علاوہ گلین فلپس اور سابق کپتان روس ٹیلر اس میچ میں پاکستانی بولرز کے لئے خطرہ بنے رہے اور ٹیلر تو اپنی وکٹ بچانے میں بھی کامیاب ہو گئے تھے۔اگر آج کے میچ میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن نے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا نہیں کیا تو فتح کی امید نہیں رکھی جا سکتی اور پاکستانی بولرز کے چھوٹے اہداف کا دفاع مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم اس سیزن کے دوران امارات میں ابتک پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیتتی آرہی ہے لیکن اسے ابھی ہدف کے تعاقب کا چیلنج درپیش نہیں ہوا۔پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں جبکہ نیوزی لینڈ جارحانہ انداز میں کھیلنے والے مارک چیپمین کو حتمی الیون کا حصہ بنا سکتا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں