ملک میں تعلیمی ادارے آج بھی بند
کراچی: آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج کے دوران تعلیمی ادارے آج بھی بند ہیں۔ ذرائع کے مطابق امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر کراچی سمیت صوبے بھر اور دیگر صوبوں میں تعلیمی ادارے گزشتہ روز کی طرح آج بھی بند ہیں جس کی وجہ سے چھٹیوں کی کل تعداد 4 (جمعرات، جمعہ، ہفتہ، اتوار) ہو گئی ہے۔
قبل ازیں پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تمام اسکولز اور کالجز بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔ سندھ میں تعلیمی صورتحال کے حوالے سے مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹر پر بتایا کہ صوبائی حکومت نے جمعہ کو کراچی میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم صوبے کے دیگر اضلاع میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی نجی اسکولوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا تھا۔
بلوچستان کے محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی اسکولز بند رہیں گے جب کہ خیبرپختون خوا میں تمام نجی اسکولوں کی جانب سے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔