Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اظہر علی کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور:پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر اظہر علی نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا ہے کہ وہ اب صرف ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔53 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اظہر علی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو اعتماد میں لینے کے بعد فیصلے کا باقاعدہ اعلان کیا ۔ قذافی اسٹیڈیم میں اس حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ میری پہچان ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی سے ہے اس لیے تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتا ہوں۔ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اچانک نہیں کیا اس حوالے سے کافی عرصے سے غور کررہا تھا اور سمجھتا ہوں کہ یہ اس فیصلے کا بہترین وقت ہے۔ اس موقع پر وہ کافی مطمئن نظر آرہے تھے اوران کا کہنا تھاکہ ون ڈے ٹیم میں موجود نوجوان کرکٹرز بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ایک اچھا ٹیم کمبی نیشن بنا ہوا ہے، مجھے اس میں اپنی جگہ نظر نہیں آتی اور نہ ہی میںکسی کی جگہ لے کر اس کمبی نیشن کو خراب کرنا چاہتا ہوں۔ اس صورتحال کے تناظر میں ، میںنے ون ڈے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب تمام توجہ ٹیسٹ کرکٹ پر دیتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کو طول دینا چاہتاہوں۔ یاد رہے کہ اظہر علی نے 53 ون ڈے میں .90 36 کی اوسط سے 1845 رنز اسکور کئے۔ انہوں نے ون ڈے کیریئر میں 3 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اظہر علی نے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2011 ءمیں آئرلینڈ کے خلاف میچ سے کیا تھا جبکہ پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ون ڈے میچ اس سال کے آغاز پر ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران 13 جنوری کو ڈونیڈن میں کھیلا تھا۔ انہوں نے67 ٹیسٹ، 170 فرسٹ کلاس اور 49 ٹی 20 میچز بھی کھیلے۔ واضح رہے کہ 2015 ءمیں انہیں پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا تھا تاہم کپتان کے طور پر وہ زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہو سکے جبکہ قیادت کے بوجھ نے ان کی بیٹنگ فارم کو بھی متاثر کیا تھا۔ ان کی کپتانی کے دوران ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں نویں پوزیشن پر پہنچ گئی تھی۔ 2017ءمیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 1-4سے شکست پر شدید تنقید کے بعد اظہر علی نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ان کے بعد سرفراز احمد کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا۔اظہر علی کے دورکپتانی میں پاکستانی ٹیم نے مختلف ممالک کے خلاف 10 سیریز کھیلیں جن میں سے صرف 5 میں اسے کامیابی حاصل ہوئی۔ مجموعی طور پر ان کے دور میں پاکستانی ٹیم نے صرف 12 میچ جیتے اور 18 میچوںمیں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: