یوگی کی رہائش کے سامنے ماں اور بیٹیوں کی خودسوزی کی کوشش
لکھنؤ- - - -یوپی کے دارالحکومت لکھنؤمیں پیر کو ایک خاتون نے اپنی 2بیٹیوں کے ساتھ کالی داس روڈ پرواقع وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی۔ خاتون نے والدہ، والد، بھائی اور بہن کے قتل کے واقعہ کے بعد رائے بریلی پولیس پر ناانصافی برتنے کا الزام لگایا۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کی والدہ اور بیٹی کے ساتھ زیادتی اور چار افراد کے قتل کا واقعہ پیش آیا لیکن رائے بریلی کی پولیس نے ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ خاتون وزیر اعلیٰ یوگی سے ملاقات کرکے واقعات سے آگاہ کرنے کیلئے گزشتہ کئی دنوں سے چکر لگا رہی تھی۔ ناامید ہو کر اس نے خود سوزی کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود سیکیورٹی فورس کے دستے نے اسے بچالیا۔