بینکوں میں 5 دنوں کی تعطیل ،صارفین کو اے ٹی ایم کا سہارا
لکھنؤ- - - - -تہواروں کا موسم شروع ہونےکی وجہ سے7نومبرسے آئندہ5دنوں تک بینک بند رہیں گے۔مسلسل5 دنوں تک بینکوں میں چھٹی ہونے کی وجہ سے لین دین کا کام پوری طرح سے ٹھپ رہے گا۔ اس کی وجہ سے جہاں تاجروں کو رقم جمع کرنےاور نکالنےمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا وہیں صارفین بھی نقدی کی قلت سے دوچار ہونگے۔ ایس بی آئی کے ڈی جی ایم سشیل کمار اگروال نے اس سلسلے میں بتایا کہ تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم میں ضرورت کے مطابق رقم جمع کردی جائے گی تاکہ صارفین کو رقم نکالنے میں سہولت ہو۔ذرائع نے بتایا کہ چھٹی کے دوران روزانہ اے ٹی ایم میں کیش بھرا جائے گاتاکہ نقدی کی قلت پیدا نہ ہوں۔ پی این بی کے ڈی جی ایم ایس کے داس اور بی او بی کے ڈی جی ایم جے دیپ دتہ نے بتایا کہ سبھی اے ٹی ایم میں روزانہ نقدی جمع کرنے کا کام معمول کے مطابق جاری رہے گا۔تاکہ لوگ اے ٹی ایم کے سہارے اپنی ضروری کام انجام دے سکیں۔ بینکوں سے متعلق دیگر معاملات 5 دن کے بعد انجام پاسکیں گے۔