سابق کپتان کلیم اللہ کی پاکستان فٹبال فیڈریشن پر تنقید
لاہور: پاکستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان کلیم اللہ ایک مرتبہ پھر فیڈریشن پر برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن دنیا کی بدترین فیڈریشن ہے۔انہوں نے 12 سال کے عرصے میں ایک بھی عالمی معیار کا فٹبال اسٹیڈیم نہ بنانے کا ذمہ دار فیڈریشن حکام کو قرار دے دیا۔ کلیم اللہ نے فٹبال فیڈریشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پہلے میرے ان فٹ ہونے کی بے بنیاد باتیں کرکے مجھے ٹیم میں شامل نہیں کیالیکن اب فیڈریشن کے پاس کیا بہانہ ہے؟میں پوری طرح فٹ اور کھیل سکتا ہوں لیکن مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے جس کا کوئی جواز نہیں۔یاد رہے کہ انڈونیشیا میں شیڈول ایشین گیمز میں کلیم اللہ کو قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔ بعد میں سابق کپتان بنگلہ دیش میں ہونے والی ساف چیمپیئن شپ سے بھی ڈراپ کر دیئے گئے تھے۔اس صورت حال کے بعد کلیم اللہ نے پی ایف ایف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اس سے پہلے بھی وہ فیڈریشن کے خلاف بیان بازی کرتے رہے ہیں اور ممکنہ طور پر اسی وجہ سے انہیں قومی ٹیم میں واپس نہیں لایا جارہا۔ فیڈریشن کی جانب سے ان کے بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں