Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی :ایشونی ملک کی نگرانی میں اسکرین رائیٹنگ ورکشاپ

کراچی فلم سوسائٹی کے بینر تلے پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے زیر اہتمام کراچی میں نئے مصنفین کیلئے اسکرین رائٹنگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔یہ 4 روزہ ورکشاپ معروف ہندوستانی اسکرین رائٹنگ ٹیچر، اسکرین رائٹر، اسکرپٹ کنسلٹنٹ ا ور فلم میکر ایشونی ملک کی زیر نگرانی ہوا۔ایشونی ملک معروف فلم میکر ہیں جنہوں نے 1994ء میں پونا کے فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا سے گریجویشن کرکے ٹی وی کیلئے مختلف پروگرام لکھ کر اور ا ن کی ہدایت کاری کے ذریعے اپنے کریئر کا آغازکیاتھا ۔ وہ2004ء سے ایف ٹی آئی آئی اور وسلنگ وڈز انٹرنیشنل ممبئی ،میں اسکرین رائٹنگ کی تعلیم دے رہے ہیں ۔علاوہ ازیں وہ انڈیا اور دنیا بھر میں اسکرین رائٹنگ ورکشاپس اوراسکرپٹ لیبز کا حصہ بھی ہیں جن میں وائس فیلو شپ فار اسکرین رائٹرز، ممبئی مانترا سنی رائز اسکرین رائٹنگ پروگرام ، مائیشا فلم لیبز، این ایف ڈی سی اسکرپٹ ڈیولپمنٹ ورکشاپس ، انڈوجرمن اسکرین رائٹنگ پروگرام اور دیگر شامل ہیں۔دنیا بھر میں اسکرین پلے کسی بھی فلم کی کامیابی کیلئے نہایت ضرور ی ہوتا ہے اور ایک اچھے اسکرین رائٹر کی اہمیت ہدایتکار کے مساوی تصور کی جاتی ہے ۔ اسی اہمیت کے پیش نظر پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے نئے اور تجربہ کار اسکرین رائٹرز کی تربیت اور انہیں اس شعبے کی باریکیوں سے آگاہ کرنے کی غرض سے کراچی فلم سوسائٹی نے یہ اقدام کیا ۔نئے مصنفین کیلئے ورکشاپ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ پہلے حصے میں انہیں اس شعبے کے بنیادی اصولوں اور باریکیوں سے روشناس کرایا گیا جبکہ دوسرے حصے میں انہوں نے ایشونی ملک کی زیر نگرانی اسکرین پلے بھی تیار کیا۔ ورکشاپ میں مختلف فلموں اور ڈاکیومینٹریز کو اسکرین پلے کے تناظر میں دیکھا اور جانچا گیا ۔ اس ورکشاپ میں برصغیر اور مغربی دنیا میں اسکرپٹ رائٹنگ میں پائے جانے والے فرق کا تجزیہ بھی کیا گیا۔
 

شیئر: