جدہ میں جے کے پی پی کے صدر سردار خالدابراہیم کے حوالے سے تعزیتی اجلاس
انکے انتقال سے آزاد کشمیر کی سیاست میں پیدا ہونیوالا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکتا، میر کاررواں اور اصولی سیاست دان تھے ،مقررین
مصطفی خان ۔ جدہ
جدہ میں جے کے پی پی اور کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے زیر اہتمام صدر جے کے پی پی سردار خالد ابراھیم کے حوالے سے تعزیتی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔مقررین نے سردار خالد ابراھیم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے چیئر مین سردار اشفاق نے اپنے خطاب میں سردار ابراہیم کو خراج عقیدت پیش کیا اور انکی اصولی سیاست اور موقف کی بھرپور تائید کی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مسلم کانفرنس انکے وضع کردہ اصولی سیاست میں جے کے پی پی کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی ۔مقررین نے سردار خالدابرا ہیم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ میر کارواں تھے۔ایسا میر کارواں جو ایک قلعہ کی مانند ہوتا ہے۔ اونچا وسیع، مضبوط اور فراخدل۔ہر مشکل اور مصیبت کو اپنی جان پر لینے والا۔انکی اصولی سیاست اور کردار نے انکے سیاسی اور نظریاتی مخالفوں کو تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔انکی صاف و شفاف سیاست نے دلوں پر گہرے نقوش ثبت کئے ہیں۔مقررین میں تمام سیاسی جماعتوں کے مقررین نے خطاب کیا۔دیگر مقررین میں سنیئر وائس چیئرمین جموں وکشمیرکمیونٹی خورشید متیال،جنرل سیکرٹری جموں وکشمیر کمیونٹی سردار وقاص عنایت،ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ زریں،سیکرٹری مالیات راجہ شمروز ،رابط سیکرٹری سردار مصطفی،سابق چیئرمین سردار اقبال یوسف،سردار توفیق افتاب،سردارابرار،وحیدخاکسار،کامران بیگ،ارشد ملک،محمد کلیم،سردار کامران اعظم،حافظ عبدالرشید ودیگر نے بھی خطاب کیا اور سردار خالد ابراہیم کی خدمات پر انہیں خراج عقید ت پیش کیا ۔