اسلام آباد کا ماسڑ پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں من پسند تبدیلیوں نے شہر کا نقشہ بگاڑ دیا ۔ اسلام آباد کو ماڈل شہر بنائیں گے۔ حکومت نے ماسٹر پلان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت انتظامیہ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی شہریوں کے مفاد میں کی جائے گی۔ ریڑھی بانوں اور پتھاروں کی بجائے بڑے آپریشن کئے جائیں ۔ لینڈ اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لینڈ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے سے بڑے مگرمچھوں کی فہرستیں بھی طلب کرلیں۔ اداروں کے درمیان رابطوں میں بہتری لاکر آپریشن کو مزید موثر بنانے کیلئے رابطہ کمیٹی قائم کردی گئی ۔ سیکرٹری داخلہ کی زیر نگرانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ کے علاوہ چیئرمین سی ڈی اے ‘ چیف کمشنر‘ آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد شامل ہیں ۔اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی کیلئے آرکیٹیکٹ کمپنی کی خدمات لی جائیں گی ۔ اسلام آباد کا ماسٹرپلان 20 سال بعد تبدیل ہونا ضروری تھا ۔ سابقہ ادوار حکومت میں اس پر توجہ نہیں دی گئی۔دریں اثناءوزیر مملکت برائے داخلہ شہر یا ر آفریدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا ماسڑ پلان 58سال بعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیر اعظم سے چیئر مین سی ڈی اے کی ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد کا ماسڑ پلان سے6 ماہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات اور اسلام آباد کو اسٹیٹ کے اندر اسٹیٹ بنانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ شہر کو قبضہ مافیا سے نجات دلائی جائے گی۔