مذہبی ، لسانی اور نسلی بنیادوں پر امتیاز جائز نہیں، ڈاکٹر محمد العیسیٰ
ریاض - -- - - رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ کثیر مذہبی ، لسانی و نسلی معاشروں میں کوئی بھی اپنے مذہب او رنسل و لسانی گروہ سے مختلف افراد کے خلاف زبان درازی کا مجاز نہیں۔ ملک سب کا ہے۔ مذہبی ، نسلی او رلسانی فرق سے کسی بھی شہری کی وطن سے وفاداری سے شک شبہ کا اظہار درست نہیں۔ وہ ابوظبی میں شہریت فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کے شہریوں کے حقوق ایک جیسے ہوتے ہیں۔ مذہبی ، نسلی اورلسانیت کی بنیادوں پر حقوق و فرائض میں امتیاز روا نہیں رکھا جا سکتا۔ کثیر مذہبی ، لسانی او رنسلی معاشروں والے ممالک اپنے یہاں ملکی ہم آہنگی کے لئے وزارتیں قائم کئے ہوئے ہیں۔ یہ قابل قدر عمل ہے البتہ بعض ممالک میں اس حوالے سے کچھ خامیاں پائی جاتی ہیں۔ کسی بھی وزارت کو مذہب ، نسل یا زبان کی بنیاد پر کسی کے خلاف امتیاز کا حق نہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ جماعتی یا فکری یا نسلی یا مادی مفادات کی خاطر میڈیا کو حد سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میڈیا حد سے تجاوز کرتا ہے وہاں مذہبی اور نسلی اقلیتوں کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔