احسان مانی کی پی سی بی کی نئی بھرتی پر نوازشات
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نئی تقرریوں کیلئے بھاری تنخواہیں ادا کرنے کی تیاریاں کررہا ہے۔پی سی بی میں منیجنگ ڈائریکٹر کے نئے عہدے کیلئے بورڈ آف گورنرز سے جس پیکیج کی منظوری حاصل کرنے کیلئے رجوع کیا گیا ہے اگر اسکی رسمی منظوری مل جاتی ہے تو یہ پی سی بی کی تاریخ میں کسی بھی افسر کو ادا کی جانے والی ریکارڈ تنخواہ ہوگی۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایم ڈی کیلئے 3 ہفتے پہلے اخبار میں اشتہار دیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایم ڈی کو ماہانہ 20 لاکھ روپے کی تنخواہ اور مراعات کا پیکج دیا جائے گا۔اسی طرح پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ کے پیکیج کیلئے بھی بورڈ آف گورنرز سے منظوری کیلئے رجوع کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ اور مراعات کا پیکیج 10 لاکھ روپے ہوگا۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ نے انٹرویوز مکمل کرلئے ہیں، جلد ہی ایم ڈی اور ڈائریکٹر کے عہدے پر نئی تعیناتیاں کی جائیں گی۔ادھر بورڈ کے سابق چیئر مین نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ نئے چیئر مین بھاری تنخواہوں پر اپنے قریبی لوگوں کو بورڈ میں لا رہے ہیں اور یہ اپنے منظور نظر افراد کو نوازنے کی تیاری ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں