جواہر لال نہروکے یوم پیدائش پر وزیر اعظم، صدرجمہوریہ اوردیگر رہنماؤں کا خراج عقیدت
نئی دہلی۔۔۔ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہروکے یوم پیدائش پر وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ٹویٹر پر خراج عقیدت پیش کی۔ انہوں نے جواہر لال نہرو کی خدمات کو سراہا۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جواہر لال نہروکے یوم پیدائش پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہروکے یوم پیدائش کو ملک بھر میں ’’یو م اطفال‘‘کے طور پر منایا جاتاہے اور بچے انہیں چاچانہرو کے نام سے یاد کرتے ہیں۔اس موقع پرسابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی، سابق نائب صدر محمد حامد انصاری، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور دیگر کانگریسی رہنماؤں نے ہند کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کی۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، پرنب مکھرجی، محمد حامد انصاری، ڈاکٹر منموہن سنگھ،غلام نبی آزاد، کانگریس جنرل سیکریٹری اشوک گہلوت، پی سی چاکو، دہلی پردیش کانگریس کے صدر اجے ماکن اور سیکڑوں کانگریسی رہنماؤں نے بھی دہلی کے شانتی ون میں انہیں گلدستۂ عقیدت پیش کیا اورملک و قوم کی ترقی میں ان کی بیش بہاخدمات کو یاد کیا۔