Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینڈی ٹیسٹ :سری لنکا نے انگلش ٹیم کو 285 رنز پر آوٹ کردیا

کینڈی :انگلش ٹیم سری لنکا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 285 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، جوز بٹلر اور ثام کیورن کے سوا انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی سری لنکن باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، ثام کیورن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹاپ ا سکورر رہے، جوز بٹلر 63 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، دلروون پریرا نے 4 اور پشپاکمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 26 رنز بنا لئے تھے اور میزبان ٹیم کو حریف انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 259 رنز درکار ہیں، کرونارتنے 19 اور پشپاکمارا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔بدھ کو کینڈی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جوروٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انگلش ٹیم 285 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، مہمان ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا اور 7 کے سکور پر اسے کیٹن جیننگز کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 1 رن بنا سکے، بین سٹوکس بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 65 کے سکور پر کپتان جوروٹ 14 رنز بنانے کے بعد پشپاکمارا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، جوئے برنز کے 43 کے انفرادی سکور پر دانن جایا نے نشانہ بنایا، معین علی 10 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں پشپاکمارا نے ایل بی ڈبلیو کیا، 165 کے سکور پر انگلینڈ کی چھٹی وکٹ گری جب بین فوکس 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، جوز بٹلر نے 63 رنز بنانے کے بعد پشپاکمارا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، ثام کیورن نے عادل رشید کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 216 کے سکور پر دلروون پریرا نے رشید کو آﺅٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، رشید نے 31 رنز بنائے، لیچ 7 رنز بنا سکے، اس کے بعد کیورن نے جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے 6 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور پریرا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے، دلروون پریرا نے 4، پشپاکمارا نے 3، دانن جایا نے 2 اور سرنگا لکمل نے ایک وکٹ لی۔جواب میں سری لنکن ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 26 رنز بنا لئے تھے اور اسے مہمان انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 259 رنز درکار ہیں، کوشل سلوا ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے، دیمتھ کرونارتنے 19 اور پشپاکمارا ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، لیچ نے ایک وکٹ لی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: