Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ بورڈ کی کمیٹی زیادہ دیر چلتی نظر نہیں آرہی، توقیر ضیاء

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ توقیر ضیاءنے کہا ہے کہ بورڈ کی نئی کرکٹ کمیٹی زیادہ عرصہ چلتی نظر نہیں آتی اور جس انداز میں اس کے اراکین بیان بازی کررہے ہیں صرف تنازعات ہی بڑھیں گے ۔کمیٹی کا قیام اچھی کوشش ہے لیکن اس کا مستقبل تاریک نظر آتا ہے اور کام شروع کرنے سے پہلے ہی اس کے سربراہ محسن حسن خان نے خود کو متنازعہ بنا لیا ہے۔ اس کمیٹی کا کردار کھیل کے معاملات کو بہتر بنانا ہے اور اسے باتوں سے زیادہ عمل پر توجہ دینا ہوگی۔ موجودہ صورتحال میں کرکٹ کمیٹی معاملات میں بہتری لانے کے بجائے انہیں خرابی کی جانب لے جا رہی ہے ۔انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کمیٹی اسی انداز میں بیان دیتی رہی تو 6 ماہ کے اندر ختم بھی ہو جائے گی۔پی سی بی کے سابق سربراہ توقیر ضیاءکے اس بیان کے بعد کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔توقیر ضیاءکا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آ تی کہ نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے صورتحال واضح کرنے کیلئے اتنا عرصہ کیوں انتظار کیا ؟ سرفراز احمدکی قیادت کے مسئلے کو بحث کا موضوع بنانے میں احسان مانی خود شریک ہوئے اورسرفراز کو فی الفور ورلڈ کپ کیلئے کپتان نامز د کر نے کے بجائے ادھر ادھر کی باتیں کرتے رہے۔کیا صورتحال واضح کرنے کیلئے دورہ کراچی کا انتظار کررہے تھے؟ تاہم جو کچھ ہوا اس کا کوئی جواز نہیں تھا ۔توقیر ضیاءنے کہا کہ اس وقت قومی ٹیم میں شعیب ملک اور محمد حفیظ2 ایسے سابق کپتان ہیں جنہیں سرفراز کے مقابل قیادت کیلئے دیکھا جاسکتا تھا۔ بہرحال تاخیر سے سہی چیئر مین کرکٹ بورڈ نے بے یقینی کا خاتمہ کردیا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزئیے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ میں "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: