Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سیاست میں انتقام کی بو آرہی ہے، شیخ سعید

 ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
 
 پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شیخ سعید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست میں انتقام کی بو آرہی ہے۔ جس طرح انتقامی کاروائیوں کے ذریعے صرف مسلم لیگ ن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس سے نام نہاد احتساب کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔شیخ سعید احمد ان خیالات کا اظہار مسلم لیگی عہدیداروں کو دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے نام پر برسراقتدار آئی ہے مگر اتنے دن گزر جانے کے باوجو حکومت اپنی درست سمت کا تعین ہی نہیں کر سکی۔ حکومت اپنی ناتجربہ کاری کی اعلی مثال بنی ہوئی ہے۔  پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے حکومت کو ٹھوس اور موثر قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ حکومت اپوزیشن پر الزامات کی بوجھاڑکرنے کی بجائے اپوزیشن کے کردار سے نکل کر حکومت کرے اور قوم کو اچھی اور عوام دوست پالیسی دیکر ملک کو بہتر بنائے ۔شیخ سعید نے پی ٹی آئی گورنمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا وجہ تھی کہ الیکشن سے قبل سب کچھ ٹھیک تھا، اچانک حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی ملک معاشی بحران کا شکار ہو گیا۔ جس طرح ملک کو چلایا جا رہا ہے اس طرح سے ملک کبھی آگے نہیں بڑھے گا ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر حکومتی وزراء کو یہ سوچنا ہوگا، جتنا وہ حکومت میں رہ کر اپوزیشن کے خلاف اقدامات کریں گے، ویسے ہی اپوزیشن بھی کردار ادا کرے گی۔ اپوزیشن کا کردار ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ہم ہر اچھے کام پر حکومت کو شاباش دیں گے مگر جہاں ملکی حکومت عوامی مفاد کے خلاف فیصلے کرے گی وہاں احتجاج بھی ہوگا اور تنقید بھی ہوگی۔ تقریب سے چوہدری سجاد، محمد اصغر چشتی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور شیخ سعید کی جانب سے دئیے گئے عشائیے کا شکریہ ادا کیا۔
  • ریاض میں پاکستان کی کمیونٹی کی مزید خبریں پڑھنے کے لئے کلک کریں
 

شیئر: