پشاور: جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی تدفین کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے قبر کشائی کرنے کے خلاف دارالعلوم حقانیہ نے فتویٰ جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق فتوے میں کہا گیا ہے کہ میت کو قبر میں دفنانے کے بعد نکالنا اور کہیں منتقل کرنا جائز نہیں۔ شرعی لحاظ سے انسانی جسم زندہ یا مردہ،د ونوں حالتوں میں قابل احترام ہے۔ اس حوالے سے مولانا سمیع الحق کے بیٹے مولانا حامد الحق نے کہا کہ فتویٰ آج سیشن کورٹ نوشہرہ میں جمع کرا دیا جائے گا۔ قبل ازیں راولپنڈی کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے قانونی تقاضے پورے کرنے اور مولانا سمیع الحق کے پوسٹ مارٹم کرانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جس میں قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست کی گئی تھی۔