لاڑکانہ کے 4 شہریوں کے جعلی اکاونٹس میں کروڑوں روپے
لاڑکانہ... لاڑکانہ میں4 شہریوں کے جعلی اکاونٹس میں کروڑوں روپے نکل آئے۔ نیب کے چھاپے پر چاروں شہری پریشان ہوگئے۔ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ شہریوں ذوالفقار شیخ، غلام علی جکھرو، خالد شیخ اور رضوان شیخ نے کہا کہ چار دوستوں نے ڈپٹی اکاونٹ آفیسر تعلقہ میونسپل باقرانی آفتاب رضاشیخ اور کیشیر مشتاق سومرو کو نوکری کے لئے 2،2لاکھ روپے اور اپنے کاغذات دیئے تھے۔ہمارے آئی ڈی کارڈ کی مدد سے جعلی اکاونٹ کھولے گئے ۔ ذوالفقار شیخ کے اکاونٹ میں 4 کروڑ 56 لاکھ، غلام علی جھکروکے اکاونٹ میں ایک کروڑ 85 لاکھ، خالد شیخ کے اکاونٹ میں 98 لاکھ اور رضوان شیخ کے اکاونٹ میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھ کر غیرقانونی ٹرانزکشن کی گئی۔ نیب کے چھاپے کے دوران پتہ چلا کہ سلک بینک اور سندھ بینک میں ہمارے جعلی اکاونٹس میں کروڑوں روپے موجود ہیں۔ہم اس وقت ضمانت پر ہیں اور بہت غریب ہیں۔ پولیس کے ساتھ مل کر بااثر میونسپل ملازمین مختلف طریقوں سے ضمانت کینسل کرانے اور چپ رہنے کی د ھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس اور سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کی معاملے کی شفاف تحقیقات کرواکر جعلی بینک اکاونٹ اسکینڈل میں ملوث گروہ کے تمام افراد کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔