Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان اور مہاتیر محمد کی اہم ملاقات

پتراجایہ.... وزیراعظم عمران خان نے 2روزہ سرکاری دورہ ملائیشیا کے موقع پر بدھ کو اپنے ملائیشین ہم منصب سے ان کے دفترمیں ملاقات کی ۔ ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیرمحمد کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان نے 20اور21نومبر2018ءکو ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔پردانہ اسکوائر ، پتراجایہ میں ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیرمحمد کے دفتر پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ تقریب کے بعد وزیراعظم نے پترا جایہ میں اپنے ملائیشیئن ہم منصب ڈاکٹرمہاتیرمحمد سے ملاقات کی ۔دونوں رہنماﺅں نے انتہائی خوشگوار ماحول میں مختلف امور پر تفصیلی مذاکرات کئے۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اورملائیشیا نے پام آئل، زرعی مصنوعات، فوڈ ریٹیل، حلال مصنوعات، آٹو موٹیو، آٹوموٹیو پارٹس، انرجی، سائنس و ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔ملائیشیا اورپاکستان نے مختلف اہم شعبوں میں تجارتی تعلقات کو مزید وسعت د ینے کے حوالے سے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماﺅں نے بین الاقوامی سطح پر اسلامی تعلیمات کو حقیقی معنوں میں روشناس کرانے کیلئے مشترکہ کوششوں کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایل این جی اورہائیڈرو الیکٹرک سمیت متبادل ذرائع سے بجلی تیار کرنے کے حوالے سے ملائیشیا کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو خوش آئند قراردیا۔پاکستان نے ملائیشیا کی بڑی کمپنیوں کو پاکستان کی جغرافیائی حیثیت سے استفادہ کے ساتھ وسطی ، جنوب اور مغربی ایشیا کی بڑھتی ہوئی تجارت سے بھرپور استفادہ کیلئے پاکستان میں قائم کئے جانے والے مخصوص اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا اور کہا کہ تعلیم و تربیت میں قریبی اشتر اک کار دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا بنیادی جزو ثابت ہونگے۔
 
 
 

شیئر: