Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاراشٹر: کسانوں کا فڑنویس حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ممبئی۔۔۔مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے خلاف ایک بار پھر کسان تنظیموں نے مورچہ کھول دیا ہے۔ ’’لوک سنگھرش سمیتی‘ ‘کی قیادت میں تقریباً 20 ہزار سے زیادہ کسان اور قبائلی تھانے شہر پہنچ گئے ہیں۔یہ مارچ ملند سے نکل کر آزاد میدان تک جائے گاجہاں کسانوں کی ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔2 دن کی اس کسان ریلی کا اختتام 22 نومبر کو ہوگا۔واضح ہو کہ ہزاروں کسان سوامی ناتھ رپورٹ نافذ کرنے سمیت کئی دیگر مطالبات کو لے کر فڑنویس حکومت کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ، جنگلات سے متعلق قانون ، خشک سالی امداد، فصل پیداوار کی کم از کم سپورٹ قیمت جیسے مطالبات کے سلسلے میں کسان سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ مارچ میں ہوئی ریلی کو قریب 9 ماہ ہو گئے ہیں، حکومت کی جانب سے اُس وقت کسانوں کو دی گئی یقین دہانی اور وعدے ابھی تک پورے نہیں ہو سکے۔ اُس وقت 25 ہزار کسان مظاہرہ کرتے ہوئے ناسک سے ممبئی آئے تھے، فڑنویس حکومت نے اس وقت کسانوں کے مطالبات کو پورا کرنے کا یقین دلایا تھا۔مارچ میں منعقد کسانوں کی ریلی سے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا تھا کہ حکومت کسانوں کے مسائل کو سلجھائے گی۔ان کے مطالبات مکمل کرانے کیلئے وزراء کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے لیکن تاحال مسائل حل نہ ہوسکے۔اگر مہاراشٹر حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے توکسان تحریک کا سلسلہ دراز ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:- -  - - -گڑگاؤں میں9بچیوں کا قاتل گرفتار
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں
 
رائے دیں، تبصرہ کریں

 

شیئر: