ریاض.... محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ریاض ریجن میں آج بھی ممکنہ بارش کے پیش نظر شہری اور مقیمین احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ شہری دفاع نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں ان دنوں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اس ضمن میں ریاض ریجن کے مختلف علاقوں میں آج بروز اتوار کو بھی بارش کی توقع کی جارہی ہے ۔ جن علاقوں کے بارے میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے۔ ان میں ریاض ، الدوادمی ، المجمعہ ، رماح ، الزلفی ، الخرج ، عفیف کے علاوہ شقرا ء اور اس سے ملحقہ علاقے شامل ہیں جہاں تیز اور درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے ۔ اس حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے علاقے کے لوگوں کو موبائل پر پیغامات بھی ارسال کئے جارہے ہیں جن میں انہیں خبردار کیا جارہا ہے کہ بارش کے دوران خاص کرآسمانی بجلی چمکنے کے دوران موبائل فون قطعی طور پر استعمال نہ کریں جبکہ شاہراہوں پر سفر کرنے والے بھی خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ان مقامات سے گریز کریں جو برساتی ریلے کی گزرگاہ ہے ۔ انتباہی پیغامات میں مزید کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران نشیبی وادیوں اور گھاٹیوں میں قیام کرنے سے گریز کریں ۔ مکانو ںمیں بجلی کی وائرنگ کی مرمت ماہرافراد سے کروائیں ۔ ناقص وائرنگ کی وجہ سے برسات میں کرنٹ لگنے کے واقعات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ریاض میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان میجر محمد الحمادی نے کہا کہ موسم برسات میں گاڑی چلانے والے احتیاط کریں سلوب والے مقامات پر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ موسم برسات میں سڑکوں پر پھسلن ہونے کے باعث حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے جس سے بچنے کے لئے محتاط ہو کر ڈرائیونگ کی جائے ۔ میجر الحمادی نے مزید کہا کہ بارش کے دوران خاص کر جب تیز ہوائیں بھی چل رہی ہو تو دکانوں نے باہر بنائے گئے شیڈز اور درختوں کے نیچے کھڑے نہ ہوں کیونکہ تیز ہواﺅں کی وجہ سے شیڈز اور درخت گرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔ شہری دفاع کے ترجمان نے موسم برسات کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بتایا کہ ادارے کی جانب سے ریجن میں ہنگامی حالت کااعلان کیا گیا ہے ۔ شہر میں ایسے انڈر پاس جہاں پانی کھڑا ہوجاتا ہے۔ شہری دفاع کے علاوہ بلدیہ کی ٹیموں نے نکاسی آب کےلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے ہیںجن کے تحت ہیوی ڈیوٹی واٹرسیکشن پمپس اور اضافی عملہ بھی متعین کیا گیا ہے تاکہ انڈر پاسز میں جمع ہونے والے پانی کو فوری طور پر نکالا جاسکے۔