7ہزار ریال دیں، پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کریں
جدہ ... مقامی اخبارات نے فیلڈ سروے کرکے بتایا ہے کہ 7ہزار ریال سے لیکر 23ہزار ریال تک میں 48گھنٹے کے اندر اعلیٰ ترین ڈگریاں نیلام ہورہی ہیں۔ سوشل میڈیا اور آن لائن نیلام گھر ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں اس انداز سے فروخت کررہے ہیں جیسا کہ ریستوران تیار شدہ کھانے گاہکوں کو پیش کرتے ہیں۔ ایم بی بی ایس سمیت تمام ڈگریاں 7تا 23ہزار ریال میں دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر مصطفی نامی شخص نے المدینہ اخبار کو بتایا کہ جدید ابلاغ کے موضوع پر ایم فل کا مقالہ لکھنے کی فیس 2ہزار ریال وصول کی جائیگی۔ مقالہ 200 صفحات پر مشتمل ہوگا۔ 10ریال فی صفحہ کے اعتبار سے وصول کئے جائیں گے۔ بسم اللہ سے لیکر فہرست تک سب کچھ تیار ملے گا۔ ڈاکٹر مصطفی نے جو آن لائن ڈگریاں فروخت کرنے کا دھندا کررہے ہیں بتایا کہ ایم فل یا پی ایچ ڈی کے موضوع کے اعتبار سے مقالے کی قیمت وصول کی جاتی ہے۔ اگر مقالہ صرف معلومات جمع کرنے والے مضمون سے تعلق رکھتا ہے تو اسکی فیس الگ ہوتی ہے جبکہ تجزیاتی تحریروں کی فیس اس سے مختلف ہوتی ہے۔