مکہ مکرمہ.... مقدس شہر مکہ مکرمہ کے سرکلر روڈز خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کے ناموں سے منسوب کردیئے گئے۔ مکہ مکرمہ کے میئر انجینیئر محمد القویحص نے تمام اداروں کو رسمی خط و کتاب میں نئے نام استعمال کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق سرکلر روڈ 1 کو ابو بکر الصدیقؓ ، سرکلر روڈ 2 کو عمر بن الخطابؓ ، سرکلر روڈ 3 کو عثمان بن عفانؓ اور سرکلر روڈ 4 کو علی بن ابی طالب ؓ کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ میئر القویحص نے توجہ دلائی کہ ہماری میونسپلٹی مقدس شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں کو تاریخی اور بامعنی ناموں سے منسوب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اس سلسلے میں یہ جذبہ کار فرما ہے کہ شہر کے تقدس اور اس کی عظمت شان ناموں سے بھی منکس ہو۔