بنگلہ دیشی کرکٹ کپتان مشرفی مرتضیٰ سیاست کو کیرئیر بنائیں گے
ڈھاکا: بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ آئندہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں امیدوار ہوں گے اور بنگلہ دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے مشرفی کو ان کے آبائی ضلع سے ٹکٹ بھی دیدیا ہے ۔ بنگلہ دیش میں عام انتخابات آئندہ ماہ کی 30تاریخ کو ہوں گے ۔ مشرفی مرتضیٰ نے پہلے ہی عندیہ دے رکھا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے جس کا مطلب یہ ہے کہ اب وہ سیاست کو اپنا نیا کیریئر بنانا چاہتے ہیں۔ مشرفی نے کہا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف3ون ڈے میچوں کی سیریز کے اختتام پر ہی اپنی انتخابی مہم شروع کریں گے ۔ یہ سیریز14دسمبر کو ختم ہو گی اور ان کے پاس اپنی سیاسی مہم کیلئے تقریباً2 ہفتے کا وقت ہوگا ۔کسی انٹر نیشنل کرکٹر کا سیاست میں اس طرح متحرک ہونا خطے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہوگا ۔ اس سے پہلے سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا بھی کرکٹ کھیلتے ہوئے سیاست میں بھی متحرک ہو گئے تھے اور انہوں نے2010ءکے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان نے سیاست میں داخل ہوئے اور اسے اپنا کیرئیر بنایا تو ملک کے وزیراعظم بن گئے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور مضامین پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں