Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تقریبات میں ہوائی فائرنگ پر ایک برس قید ہو گی ، پراسیکیوشن جنرل

ریاض .... پراسیکیوشن جنرل کا کہنا ہے کہ شادی اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والے کو ایک برس قید کی سزا ہو گی ۔ سبق نیوز نے پراسیکیوشن جنرل کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر خوشی کے مواقع پر لوگ عام طور پر ہوائی فائرنگ کرتے ہیں جس سے سنگین حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں ۔ خوشی کے مواقع پر کسی بھی قسم کے اسلحہ سے ہوائی فائرنگ کی قطعی اجازت نہیں ہو گی ۔ خلاف ورزی کا مرتکب قانون شکنی کے زمرے میں آئے گا جسے ایک برس قید کی سزا ہو گی ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لائسنس یافتہ کسی بھی نوعیت کے اسلحے کو عوامی مقامات پر نمائش کے لئے لانا اور اسے استعمال کرنا جرم شمار ہو گا جو افراد تقریبات میں خود یا شریک کسی واقف کار کے ذریعے ہوائی فائرنگ کا مرتکب پایا گیا وہ بھی سزا کا مستحق ہوگا ۔ واضح رہے گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک تقریب میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا جس پر پراسیکیوشن جنر ل کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والے کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ مذکور ہ واقعے سے قبل بھی اسی قسم کا متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جس میں کلاشنکوف یا اسی قسم کے دیگر خود کار اسلحہ کے ذریعے تقریبات میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے دوران بے احتیاطی کی وجہ سے سنگین حادثات رونما ہو چکے ہیں جس میں جانی نقصان بھی ہوا ۔ 
 

شیئر: