حیدرآباد۔۔۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کہا کہ ٹی آر ایس اور کانگریس دونوں اقلیتوں کی خوشامد میں یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی اقلیتوں کیلئے علیحدہ ا سپتالوں کی بھی بات کررہی ہے۔ میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے یہ پوچھنا چاہتا ہوںکہ اُن غریب لوگوں کا کیا ہوگا جن کا تعلق اقلیتی طبقات سے نہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع کے نارائن پیٹ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس کے اکبرالدین اویسی نے کہا تھا کہ جنوبی ہند کی اس ریاست کے چاہے کوئی بھی وزیراعلیٰ بنے اس کو ان کی پارٹی کے سامنے جھکنا پڑیگا۔ انہوں نے مجلس اورٹی آر ایس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اویسی برادران کے خوف سے کے سی آر حکومت 17ستمبر کو ریاست کی آزادی کا دن نہیں منارہی ۔ انہو ں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تلنگانہ میں برسراقتدار آنے پر دھوم دھام کے ساتھ حیدرآباد کی یوم آزادی کی تقاریب منائی جائیں گی۔