Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خان ہشام بن صدیق نے سفارتخانہ پاکستان کے ویب پورٹل کا افتتاح کردیا

ریاض۔۔۔سفیر پاکستان خان  ہشام  بن صدیق نے جمعرات کی سہ پہر سفارتخانے کے  اپنے  ویب  پورٹل کا افتتاح کر دیا۔  اس موقع پر سفارتخانے کے اعلیٰ حکام کے  علاوہ عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بعدازاں سفارتخانے کے آڈیٹوریم میں منعقدہ  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خان ہشام  نے کہا کہ  اس پورٹل کی  ضرورت مدت سے محسوس کی جارہی تھی کیونکہ مملکت میں مقیم 26 لاکھ پاکستانی ملک کے دور دراز علاقوں میں  مقیم ہیں اور اکثر  کو  اپنے امور کے سلسلے میں  بذات خود سفارتخانے آنا پڑتا تھا۔ اس پورٹل کو استعمال کرکے  وہ سفارتخانے سے  براہ راست رابطہ قائم کرسکیں گے ،  بغیر کسی وقت کے ضیاع کے سفارتخانہ  ان کی  مدد  کرے گا۔  انہوں نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور  شیخ کا  شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے  ویب پورٹل کا  قیام ممکن ہوسکا۔ قبل ازیں " ہم وطن"  کے نام سے قائم کئے گئے پورٹل کی وضاحت کرتے ہوئے عبدالشکور شیخ نے کہا کہ اس خصوصی سہولت سے  تارکین مختلف انواع کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ ایک  صارف اس کے ذریعے سفارتخانے کے اوقات کار اور مختلف قوانین کے بارے میں معلومات حاصل کرسکے گا۔  اسی طرح  سفارتخانہ بھی   تارکین وطن کو آگاہی دے سکے گا۔ کسی شکایت کی صورت میں بھی اس پورٹل کے ذریعے سفارتخانے سے براہ راست  رابطہ کرکے اس کا  اندراج کرایا جاسکے گا  جبکہ سفارتخانہ  اسے  فوراً رفع کرے گا۔ ایک اور بڑا فائدہ یہ ہے کہ کسی بھی پاکستانی کے ناگہانی حادثہ کا شکار ہونے کی صورت میں اس ویب پورٹل کے  ذریعے فوراً سفارتخانہ کو  اس کی اطلاع دی جاسکے گی۔  عبدالشکور شیخ نے واضح کیا کہ مملکت میں مقیم پاکستانی اپنے پی سی / لیپ ٹاپ پر  www.hamwatan.pakembassyksa.com کے ذریعے اپنا اندراج کراسکتے ہیں جبکہ انڈرائیڈ استعمال  کرنے والے  گوگل پلے اسٹور پر " ہموطن" ٹائپ کرکے اس ایپ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ 2 زبانوں اردو اور  انگریزی کا استعمال کرنے والی یہ  ویب سائٹ سفارتخانے نے پنجاب آئی ٹی  بورڈ کے تعاون سے قائم کی ہے۔ 

شیئر: