میرے بعد آنے والے مجھ سے بہتر ہیں‘ چیف جسٹس
کوئٹہ: سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچستان کی نمائندگی ضروری ہے۔ ہم نے ججوں کی تعداد 3 ماہ پہلے ہی بڑھا دی تھی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اداروں میں کسی کا رہنا یا نہ رہنا کوئی معنی نہیں رکھتا۔ میں رہوں یا نہ رہوں، یہ ادارہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بعد آنے والے مجھ سے زیادہ بہتر ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے مزید کہا کہ خدا کا واسطہ اس ملک سے محبت کریں۔ ایک سال اس ملک کو دیں اور پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے۔ ہم آنے والے بچوں کے لیے کتنی نایاب چیز چھوڑ کر جائیں گے۔اپنی اصلاح کرنا ہماری ذمے داری ہے۔ اپنے گریبان میں جھانک کر ہی اپنی کوتاہیاں دور کرسکتے ہیں۔