مملکت ”اسپارک “سے توانائی کا عالمی مرکز بن جائیگا، الفالح
ظہران۔۔۔ سعودی وزیر توانائی و صنعت و معدنیات انجینیئر خالد الفالح نے کہا ہے کہ سعودی عرب " اسپارک" کی بدولت توانائی کا علاقائی اور عالمی مرکز بن جائے گا۔ اسپارک میں عالمی درجہ کی صنعتیں اور مسابقتی خدمات پیش کی جائیں گی۔ اقتصادی ترقی کیلئے اسٹراٹیجک سعودی پروگرام روبہ عمل لائے جائیں گے۔ اس کی بدولت سعودی عرب کی قومی آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا۔ سعودیوں کیلئے روزگار کے مواقع مہیا ہونگے۔ الفالح نے پیر کو الشرقیہ میں کنگ سلمان انرجی سٹی کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب کی مناسبت سے بتایا کہ کنگ سلمان سٹی پٹرول اور گیس کے ذخائر کی تلاش ، پیداوار ، صفائی ، اصلاح ، مارکیٹنگ ، پٹروکیمیکل مصنوعات کی تیاری، برقی توانائی کی تیاری، ترسیل، تقسیم، پانی کی پیداوار ، تقسیم ، ٹریٹمنٹ اور گندے پانی کو استعما ل کے قابل بنانے جیسے کام انجام دے گا۔ سعودی آرامکو کے چیئرمین امین الناصر نے کہا کہ کنگ سلمان انرجی سٹی مملکت میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔ یہ خطے کے اقتصادی نظام کیلئے صدر دروازہ کا کام دے گا۔