اسلام آباد: نیب نے ن لیگ کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے اثاثوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی، تاہم شکایت کنندہ کا نام فی الحال ظاہر نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان کے مطابق شکایت کرنے والے نے سابق وزیر اطلاعات کے اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آج پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پارٹی رہنما حمزہ شہبازکانام بلیک لسٹ میں ڈالنے کی مذمت کی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حمزہ شہباز کو امیگریشن کاؤنٹر پر پہلے بتایا گیا کہ ان کانام بلیک لسٹ میں ہے ، بعد میں امیگریشن کاؤنٹر پر موقف بدل کر کہا گیا کہ حمزہ شہبازکانام ای سی ایل میں ہے۔ اطلاع ملنے پر حمزہ شہباز امیگریشن کاؤنٹر سے واپس چلے گئے۔