سرد اور خشک موسم میں جلد کی حفاظت
سردی اپنے ساتھ نزلہ ، زکام ، کھانسی ، گلے کی خرابی اور جلد کی خشکی جیسے مسائل لے کر آتی ہے۔ ایسے میں اپنی اور بچوں کی حفاظت کرنا آسان کام نہیں ۔ سرد موسم جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ جلد کے مسائل بھی پیدا کرتا ہے ۔ جلد کا خشک اور خارش زدہ ہونا اور پیروں کی جلد کا پھٹ جانا عام مسائل ہیں ۔ عام طور پر خواتین سرد موسم میں رنگت متاثر ہونے کی شکایت کرتی ہیں ۔ خشک جلد سورج کی شعاعوں سے بہت جلد متاثر ہوتی ہے اور جھلس کر سیاہ پڑنے لگتی ہے ۔ لہذا سرد موسم میں جلد کو خشک ہونے سے بچانا سب سے زیادہ اہم ہے ۔ خشکی آنکھوں اور بالوں کو بھی شدید متاثر کرتی ہے ۔ آنکھوں پہ خشکی آنے کے سبب خارش اور آنکھیں سرخ ہوجاتی ہے اور بالوں میں خشکی سر میں خارش اور بالوں کے گرنے کا سبب بنتی ہے ۔ ان تمام مسائل سے بچنے کے لئے آپ کو چاہئے کہ آپ گاجر کا جوس کثرت سے استعمال کریں ۔ اسے اپنی روزمرہ کی خوراک کا حصہ بنائیں اور سر چہرے اور جسم پر بھی بطور موسچرائزر استعمال کریں ۔ خشک جلد کے مسائل سے بچنے کے لئے بہترین یہ ہے کہ آپ گاجر کے جوس کو سرسوں یا زیتون کے تیل میں ملا کر رکھ لیں اور اس سے جسم کا مساج کریں ۔ یہ بہت فائدہ مند ہے ۔ مساج کے علاوہ سردیوں میں ایسے سبزیوں اور پھل استعمال کریں جو قوت مدافعت میں اضافہ کرنے کا سبب ہوں ۔