Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحاد بین المسلمین کیلئے اپنا مشن جاری رکھیں گے، شاہ سلمان

 مکہ مکرمہ۔۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب اتحاد بین المسلمین اور مسلمانان عالم کی امنگوں و آرزو ں کی تکمیل کیلئے اپنا مشن ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جاری و ساری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار مکہ مکرمہ میں " اتحاد بین المسلمین: درجہ بندی اور دیوار سے لگانے کے خطرات" کے موضوع پر منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے نام اپنے اس پیغام میں کیا جسے ان کی جانب سے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے پڑھ کر سنایا۔ شاہ سلمان نے امت مسلمہ میں پائی جانے والی خلیج کو پاٹنے، اتحاد و اتفاق کو راسخ کرنے اور پوری دنیا کے سامنے ایک نصب العین پیش کرنے کی خاطر مقدس شہر آنے پر امت کی منتخب شخصیات کو خوش آمدید بھی کہا اور ان کے تئیں ممنونیت کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے کہا کہ امت مسلمہ کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے اور اتحاد وا تفاق کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ کے بعد آپ حضرات ہی امت کا سہارا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف مسلمانان عالم ہی نہیں بلکہ بنی نوع انساں کی صلاح و فلاح کی بھی جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے مذکورہ کانفرنس کے اہتمام اور انعقاد پر رابطہ عالم اسلامی کی تعریف و تحسین کی۔ شاہ سلمان نے مہمان علمائے کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ جس مقصد کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں وہ معمولی نہیں بلکہ غیر معمولی ہے۔ یہ مسئلہ امت مسلمہ سے نفرت و عداوت اور اسلام کیخلاف صدیوں پر محیط پروپیگنڈہ مہم کا نتیجہ ہے۔ امت کے دشمن اسلام، اس کے پیروکاروں کے اخلاق ، اسلامی ثقافت اور تمدن کیخلاف سفاک تشہیری مہم چھیڑے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ اسلام سے ایسی برائیوں کو منسوب کر رہے ہیں جن سے دین حق کا کوئی تعلق نہیں۔ یہ لوگ مسلمانوں اور غیر مسلموں کے شدت پسندوں کے انحراف اور کجی کو حربے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ شاہ سلمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ علمائے اسلام کے مضبوط عزائم اور راسخ علم کے آگے اسلام کیخلاف تشہیری مہم بے اثر ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اعتدال اور میانہ روی کے اصول پر قائم ہے اسے حرمین شریفین اور ضیوف الرحمان کی خدمت کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب مسلمانوں کی امیدوں پر پورا اترا ہے اور اترتا رہے گا۔ الجزائر سپریم کونسل کے سربراہ ڈاکٹر بوعبداللہ محمد غلام نے مہمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ آج مکہ مکرمہ میں خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں ہونےو الی یہ کانفرنس اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے تاریخی ثابت ہوگی۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے بھی تقریر کی۔ انہوں نے انتہا پسندی، شدت پسندی اور دہشت گردی کے اسباب و محرکات پر روشنی ڈالی۔ مسلم معاشروں میں فروغ امن فورم اور امارات دارالافتاءکے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن بیہ اور رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ مملکت کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس میں پاک و ہند سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک اور مسلم اقلیتوں کی نمائندہ شخصیات شریک ہیں۔

شیئر: