تبوک میں سوتیلی بیٹی کو قتل کرنے والے سعودی کو سزائے موت
جمعرات 19 دسمبر 2024 22:15
ابتدائی فیصلے کو اعلی عدالت نے بھی برقرار رکھا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ تبوک ریجن میں سعودی شہری کو سوتیلی بیٹی کو قتل کرنے پر عدالت نے سزائے موت کا حکم جاری کیا تھا جس پر جمعرات کو عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق تبوک ریجن میں رہنے والے سعودی شہری الشھرانی نے اپنی کمسن سوتیلی بیٹی کادی العنزی کو قتل کردیا۔
پولیس نے واردات کی اطلاع ملتے ہی ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفیتیش میں ملزم نے اعتراف جرم کیا جس پر اسکا چالان پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا جہاں سے مقدمہ درج ہونے کے بعد کرمنل کورٹ کو بھیجا گیا۔
عدالت نے سوتیلی بیٹی کو قتل کرنے کے سنگین جرم میں موت کی سزا کا حکم سنا دیا۔
ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ نے بھی بحال رکھا جس کے بعد اعلی عدالت اور ایوان شاہی سے بھی موت کی سزا جاری رکھی گئی جس پر وزارت داخلہ نے جمعرات کو عمل درآمد کردیا۔