دماغی طورپر 9 مردہ افراد کے لواحقین نے اعضاء عطیہ کردیئے
جمعرات 19 دسمبر 2024 23:50
جسمانی اعضا کی امارات سے منتقلی ایئرایمبولینس کے ذریعے کی جائے گی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
انسانی اعضاء کی پیوند کاری کے سعودی مرکز نے امارات میں دماغی طورپر مردہ قرار دیئے گئے 9 افراد کے لواحقین سے اعضاء عطیہ کرنے کی منظوری حاصل کرلی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق جسمانی اعضاء کی پیوند کاری سے متعدد مریضوں کو نئی زندگی ملنے کی امید پیدا ہو گئی ۔ پیوند کاری کے مرکز کا کہنا ہے کہ جگر کے عارضے میں مبتلا 8 سعودی شہری جبکہ گردے کے امراض کا شکار 14 مریضوں کو ملنے والے عطیے سے فائدہ ہو گا۔
اعضا کی پیوند کاری کے سعودی مرکز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طلال القوفی کا کہنا ہے کہ پالیسی کے مطابق ملنے والے جسمانی اعضاء کی تقسیم طبی اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئی کی جاتی ہے۔ ضوابط کے مطابق مریض کی صحت اور اس کے مرض کی ہسٹری دیکھ کر فیصلہ کیا جاتا۔
عطیہ کیے جانے والے جسمانی اعضاء کی مملکت منتقلی کا کام مکمل طور پر طبی ضوابط کے تحت کیا جاتا ہے۔ اعضا کو مکمل حفاظت سے ایئرایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے تاکہ وہ مقررہ وقت کے اندر ٹرانسپلانٹ کیے جاسکیں۔
واضح رہے دماغی طورپر مردہ قراردیے جانے والے 11 افراد 25 خاندانوں کو نئی زندگی دینے کا وسیلہ بنے جن کی وجہ سے ان مریضوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھری جو اپنی صحت سے مایوس ہو چکے تھے۔