وزیر اعظم کی بہن کو 2 کروڑ 95 لاکھ جمع کرانے کا حکم
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کو 2 کروڑ 95 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ذائع کے مطابق بیرون ملک جائداد سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر سربراہی 3 رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر علیمہ خان اور ان کے وکیل سلمان اکرم عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے وزیرا عظم عمران خان کی بہن سے پوچھا کہ آپ نے کتنے کی پراپرٹی خریدی ہے جس پر انہوں نے بتایا کہ 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی پراپرٹی خریدی۔ چیف جسٹس کی جانب سے مزید پوچھنے پر علیمہ خان نے بتایا کہ یہ پراپرٹی 2008ءمیں خریدی گئی تھی جسے گزشتہ برس فروخت کردیا تھا۔ مزید تفصیلات بتاتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اس مد میں دبئی بینک سے 50 فیصد قرض لیا تھا اور 50 فیصد ہمارے اپنے پیسے تھے۔ دوران سماعت علیمہ خان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بینک ٹرانزیکشن اور اکاﺅنٹس کی تفصیلات عدالت میں جمع کرا دی ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ پھر آپ ایک ہفتے میں 18 ملین جمع کرادیں۔ جس پر علیمہ خان کے ٹیکس کے معاملات کی تحقیقات کرنے والے کمشنر ان لینڈ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے دستاوزیزات کے تحت جو تخمینہ لگایا ہے اس کے مطابق علیمہ خان کو 2 کروڑ 95 لاکھ روپے کا ٹیکس جمع کرانا ہوگا۔ عدالت نے قرار دیا کہ علیمہ خان کو رائٹ آف اپیل ہوگا تاہم اس سے قبل انہیں ٹیکس کی رقم جمع کرانا ہوگی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر ادائیگی نہیں ہوئی تو علیمہ خان کی جائداد ضبط کرلی جائے۔