ثول ۔۔ ۔ یہاں کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی (کاوسٹ) نے اپنے یہاں ویکسین تیار کرنے اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مشرق وسطیٰ کا پہلا ویکسین سینٹر قائم کردیا۔ وزیر توانائی و صنعت و معدنیات انجینیئر خالد الفالح اور اس منصوبے میں شامل دیگر فریق کی نمائندہ شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ ان میں کنگ عبدالعزیز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سٹی نیز آر پی ڈی سی اور سعودی ویکسین کمپنی کے نمائندے شریک ہوئے۔یہ مرکز مملکت میں وبائی امراض کے خطرات سے بچانے میں کلیدی کردارادا کریگا۔ مرکز کاوسٹ کے کیمپس میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ کیمپس ویکسین پر ریسرچ کرنے والی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے صدر دفتر کی حیثیت کا مالک ہوگا۔