بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز: دوسرا میچ دلچسپ مرحلے میں داخل
پرتھ: ہند اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانیوالی بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریزکا پرتھ میں جاری دوسرامیچ دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم فتح کیلئے287 رنز کے تعاقب میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 112 رنز پر 5وکٹیں گنواچکی ہے۔ میزبان آسٹریلیا کو میچ جیتنے اور سیریز میںبرابر ہونے کیلئے 5 وکٹوں کی ضرورت ہے جبکہ کوہلی الیون کو سیریز میں0-2کی برتری کیلئے 175رنزمزید بنا نے ہونگے ۔ وکٹ کو دیکھتے ہوئے رنز کا حصول آسان نظر نہیں آرہا ۔ ہنوما ویہاری24اور وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت 9رنز کے ساتھ وکٹ پر موجودہیں ۔ قبل ازیں آسٹریلیا دوسری اننگز میں 243رنز پر آوٹ ہو گیا۔ محمد شامی 6وکٹوں لے کر کامیاب بولر رہے ۔میزبان ٹیم چوتھے دن پہلے سیشن میں اچھی بیٹنگ کرنے میں کامیاب رہی لیکن اس کے بعد ہندوستانی بولرز خاص طور پر محمد شامی ایکشن میں آئے اور انہوں نے آسٹریلوی بیٹسمینوں کو لمبا اسکور نہیں کرنے دیا ۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو132/4کے مجموعی اسکور کے ساتھ عثمان خواجہ 41 اور کپتان ٹم پین 8 رنز پر کھیلنے آئے۔ دونوں نے 72 رنز کی شراکت قائم کی تو ٹم پین 37 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے ۔پیٹ کمنز ایک، مچل اسٹارک 14، ناتھن لیون 5 اور عثمان خواجہ 72 رنز بنا کر آوو¿ٹ ہوئے،جوش ہیزل ووڈ 17رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ وہ مچل اسٹارک کے ساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں 36قیمتی رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے ۔یہ شراکت جسپریت بمرا نے توڑی اور اور243رنز پر آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا خاتمہ ہوگیا محمد شامی نے56رنز دے کر 6، جیسپرت بمرا نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔پہلی اننگز میں 43رنز کی برتری کے ساتھ آسٹریلیا نے ہند کو جیت کیلئے 287 رنز کا ہدف دیا۔ تعاقب میں ہندوستانی اوپنرز لوکیش راہول اور مرلی وجے کریز پر آئے تو مچل اسٹارک کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر لوکیش راہول بولڈ ہوگئے۔مرلی وجے اور چتیشواڑ پجارا نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا لیکن13 کے مجموعی اسکور پرپجارا 4 رنز بنا کر جوش ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔کپتان ویرات کوہلی اور مرلی وجے نے صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی لیکن 48 کے مجموعی اسکور پرکپتان ویرات کوہلی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔مرلی وجے 20 اور اجنکایا ر ہانے 30 رنز بنا سکے ۔اس وقت مجموعی اسکور 98رنز تھا اور آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔رشبھ پنت اور ہنوما ویہاری نے اسکور112رنز تک پہنچایا تو چوتھے دن کا کھیل ختم ہو گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون اور جوش ہیزلی وڈ نے 2،2 جبکہ مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کو ٹیسٹ جیتنے کیلئے 5 وکٹیں جبکہ ہند کو 175 رنز بنانا ہوں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں