شیدا ٹلی بنارسی ٹھگ اور ناسور ہے‘ رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: سابق صوبائی وزیر قانون اور ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی لیگ کے رہنما شیخ رشید سیاست کے بنارسی ٹھگ اور جمہوریت کے لیے ناسور ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملکی جمہوریت کو ہمیشہ خطرہ رہا ہے اور یہ خطرہ آج بھی برقرار ہے۔ رانا ثنا اللہ نے شیخ رشید سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا ماتھا چومنے والا آج عمران خان کے بوٹ چاٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چپراسی اپنی نوکری پکی کررہا ہے۔ شیخ رشید کو دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنا ماضی یاد رکھنا چاہیے۔ سب جانتے ہیں شیدے ٹلی نے شیخ رشید تک کا سفر کس طرح طے کیا؟ عوام کو معلوم ہے کہ شیخ رشید جب ظہور الٰہی کا بغل بچہ تھا تو اس کے پاس کیا تھا، جتنے این آر او شیخ رشید نے لیے ہیں، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بیان دیا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے اگلی نسلیں بھی برباد کردیں۔ نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔