چین پاکستانی طلبہ کو 20ہزار اسکالر شپ دے گا
کوئٹہ ..بلوچستان کے وزیر اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ سی پیک مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک ارب ڈالر کا سماجی ترقی پیکج منظور کرلیا گیا۔ بیجنگ سے واپسی پر میر ظہور احمد بلیدی نے بتایاکہ چینی حکومت پاکستانی طالب علموں کو 20 ہزار اسکالر شپ دے گی۔ چینی حکومت پاکستان کی ٹیکسٹائل، پیٹرو کیمیکل، اسٹیل اور مائننگ کے شعبوں میں مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں بلوچستان کی جانب سے سی پیک کے سماجی ترقی پیکج کا آدھا حصہ مانگا گیا ۔ اسکالرشپ کا بھی آدھا حصہ حکومت بلوچستان کو دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اجلاس میں گوادر پورٹ اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چین کی جانب سے پاکستان کے لئے تعلیم، زراعت، غربت کا خاتمہ، صحت، صاف پانی اور تکنیکی ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔واضح رہے کہ بیجنگ میں جے سی سی اجلاس میں ظہور احمد بلیدی نے بلوچستان کی نمائندگی کی۔