Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان میں فوج نے صدر عمر البشیر کی حمایت کردی

خرطوم ...سوڈان میں مہنگائی کے خلاف سڑکوں پراحتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں مظاہرین پر پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کی اطلاعات ہیں۔ سوڈان کی مسلح افواج نے صد عمر البشیر پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ بحران میں صدر کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ سوڈانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ملک کی مسلح افواج موجودہ سیاسی قیادت اور فوج کے کمانڈر ان چیف صدر جمہوریہ کے ساتھ ہے۔ ملک کی سلامتی، سالمیت، امن واستحکام اور خود مختاری کو یقینی بنانے کے لئے فوج اپنی پیشہ وارانہ اور قومی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک میں جاری تازہ کشیدگی اور پرتشدد مظاہروں کے خلاف ملک کیسیاسی اور عسکری قیادت، پولیس ، کو ئیک رسپانس فورس اور نیشنل انٹیلی جنس سب ایک صفحے پرہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ وزارت دفاع کی طرف سے ملک کی موجودہ صورت حال کے بارے میں مسلح افواج کو تفصیلی رپورٹ فراہم کی گئی ہے۔خیال رہے کہ سوڈان میں روٹی کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف ایک ہفتے سے احتجاج جاری ہے۔مظاہرین نے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے مراکز کونذرآتش کردیا ۔ 
 

شیئر: