قرآن کی تعلیم کیلئے آسمانی انتخاب غیر معمولی اعزاز ہے، عبدالمالک مجاہد
ریاض( ذکاءاللہ محسن )مساجد اور حلقات میں تحفیظ قرآن کے معلمین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں تمام اساتذہ کو ان کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مکتبہ دارالسلام کے بانی مولانا عبدالمالک مجاہد نے حفظ کرانے والے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کا انتخاب قرآن مجید کی تعلیم کیلئے کیا۔کائنات میں آپ سے بہتر انسان کوئی نہیں ، آپ لوگ اپنے سینوں میں قرآن مجید لئے ہوئے ہیں جو معمولی بات نہیں ۔ قرآن مجید کی فضیلت کی کتنی اہمیت ہے اس کا اندازہ اس حدیث سے لگایا جاسکتا ہے جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تم میں سے بہترین وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ آپ لوگ اپنے اپنے حلقوں میں جس طرح محنت اور محبت کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم کو عام کررہے ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔ عشائیہ میں مختلف حلقات کے معلمین قاری اسد اقبال ، قاری خالد محمود ،قاری جمیل عالم ، قاری عبدالواحد ،قاری عبدالمالک ،قاری ولی اللہ ، قاری عبدالخالق ، قاری عبدالوحید ساقی ، قاری سلطان اور دیگر قرائے کرام نے شرکت کی۔