جدہ ۔۔۔ وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی نے انکشاف کیا ہے کہ تارکین فیس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ نتائج کا اعلان ٹھیک ایک ماہ بعد کردیا جائیگا۔ انہوں نے روتانا چینل کے ٹی وی پروگرام میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے اطمینان دلایا کہ تارکین فیس پر نظر ثانی کے نتائج وطن عزیز کے وسیع تر مفاد میں ہونگے۔انہوں نے توجہ دلائی کہ بعض تجارتی مراکز قانون تجارت میں تبدیلی اور آن لائن شاپنگ کا رواج مقبول ہونے کی وجہ سے بند ہوئے ہیں۔ انہوں نے تارکین فیس کی وجہ سے تجارتی مراکز بند ہونے کا دعویٰ مسترد کردیا۔ وزیر تجارت نے اعلان کیا کہ 1704غیر ملکی سرمایہ کار گزشتہ 4برسوں کے دوران سعودی عرب پہنچے ہیں۔ نجی اداروں کو معدنیات، سیاحت ، تفریحات اور لاجسٹک خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اچھے مواقع میسر ہیں۔ انہیں ان سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔