جدہ ۔۔۔ کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد نے پیٹرولنگ پولیس کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا اور انکے کام پراطمینان کا اظہار کیا ۔ ریجنل پیٹرولنگ پولیس کے کمانڈر کرنل بندرالشریف نے کمشنر کو سالانہ کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران جدہ میں پیٹرولنگ پارٹیو ں نے 22 ہزار سے زائد کیسوں پر کارروائی کی ۔ کرنل الشریف نے کمشنر کو تحریری طور پر پیٹرولنگ پولیس کی رپورٹ پیش کی جس میں تمام کیسوں کی تفصیلات درج کی گئی تھیں ۔ کرنل الشریف نے پولیس پارٹیوں کے طریقہ کار کے بارے میں بھی شہزادہ مشعل بن ماجد کو تفصیلی طور پر مطلع کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کنٹرول روم میں کسی بھی واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ تھانے یا متاثرہ مقام سے قریب ترین پولیس پارٹی کو مطلع کر دیا جاتا ہے ۔ پیٹرولنگ پولیس اہلکار رپورٹ موصول ہوتے ہی فوری طور پرکارروائی کرتے ہیں ۔کمشنر نے پیٹرولنگ پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا ۔