سرد موسم کے فیس ماسک
جمعرات 27 دسمبر 2018 3:00
شہد خشک جلد کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔ چہرے پر شہد لگانے سے جھریوں سے نجات ملتی ہے اور جلد بھی نرم وملائم ہو جاتی ہے ۔ شہد اور کینو کے رس کو ملا کر دس منٹ کے لئے چہرے پر لگانے سے چہرے کی کھوئی ہوئی نمی بحال ہو جاتی ہے ۔
تیل میں جلد کو صاف کرنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں ۔ خشک جلد پر کیسٹر آئل لگانے سے خشکی کے باعث جلد میں پیدا ہونے والی سختی اور بے رونقی دور ہوجاتی ہے ۔ زیتون کے تیل کا ایک بڑا چمچ لیں اور اس میں آدھے سے بھی کم چمچ کیسٹر آئل شامل کریں ۔ اب اس مکسچر کو چہرے پر لگا لیں ۔ ہلکے ہاتھ سے پورے چہرے پر مل لینے کے بعد تولیے یا کپڑے کے ٹکڑے کو نیم گرم پانی سے نکال کر نچوڑ لیں ۔ اور چہرے پر پھیلا کر لیٹ جائیں تاکہ جلد چہرے پر لگے تیل کو جذب کر لے ۔ اس سے جلد نرم و ملائم ہو جائے گی ۔ کیسٹر آئل کی خوبی یہ ہے کہ چہرے کی اندرونی تہوں تک پہنچ جاتا ہے ۔
بیسن چہرے کی جلد کو مناسب نمی فراہم کرتا ہے اور جھریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔ دو چمچ بیسن ، ایک چمچ ہلدی ، ایک چمچ شہد اور تھوڑے سے دودھ کو مکس کر کے مکسچر بنا لیں ۔ اگر چاہیں تو تھوڑا سا لیموں کا رس بھی ملا لیں ۔ اسے چہرے پر خشک ہونے تک لگا رہنے دیں بعد ازاں سادہ پانی سے دھو ڈالیں ۔
انڈے پروٹین کا ایک بہترین ذریعہ ہیں ۔ ایک انڈے کی سفیدی اور زردی کو الگ الگ کرلیں ۔ سردی میں ایک چمچ کینو کا جوس ، ایک چائے کا چمچ کیسٹر آئل ، ایک چائے کا چمچ زیتون کا تیل ، تھوڑا سا عرق گلاب ، ایک چمچ شہد اور تھوڑا سا لیموں کا جوس ملا کر پیسٹ بنالیں ۔ اس مکسچر کو روزانہ نہانے سے پہلے چہرے اور جسم پر لگائیں اور بعد میں دھو ڈالیں ۔