Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریلوے اراضی سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم

لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی زیر سربراہی تین رکنی بینچ نے ریلوے کی اراضی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ اس دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور رائل پام کلب انتظامیہ عدالت میں پیش ہوئی جہاں عدالت نے کلب کی انتظامیہ کو تحلیل کرتے ہوئے آڈٹ کمپنی کو نئی انتظامیہ مقرر کردیا۔ سپریم کورٹ نے رائل پام سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے تمام احکامات غیر موثر کرتے ہوئے حکم دیا کہ پرانی انتظامیہ رائل پام میں داخل نہیں ہو سکتی۔ ساتھ ہی عدالت نے آڈٹ کمپنی کو کلب کا تمام ریکارڈ فوری طور پر قبضے میں لینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کلب میں تمام پروگرام اور سرگرمیاں حسب معمول جاری رہیں گی تاہم کوئی بھی ریکارڈ باہر نہیں جائے گا۔ سپریم کورٹ نے کلب کے ہائی کورٹ میں زیر التوا تمام مقدمات بھی منگوا لیے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ریلوے اراضی پر ہاﺅسنگ سوسائٹیز بنانے پر پابندی لگا رہے ہیں۔ عدالت نے ریلوے کی زرعی اراضی 3 سال سے زائد مدت کی لیز کے لیے دینے پر بھی پابندی عائد کردی۔ کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے کہ رائل پام کلب انتظامیہ کا ریلوے کے ساتھ لیز کی رقم نہ دینے پر تنازع چل رہا تھا۔

شیئر: