جنادریہ: سعودی عرب میں تبدیلیاں مثبت اور عظیم الشان ہیں، عالمی دانشور
جمعرات 27 دسمبر 2018 3:00
ریاض۔۔۔ جنادریہ میلہ 33کے ثقافتی پروگراموں میں شریک عرب ، مسلم اور دوست ممالک کے قد آور دانشوروں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب اپنے یہاں عظیم الشان مثبت تبدیلیاں لا رہا ہے۔ یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوگا۔ مہمانوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ سعودی قیادت اسلامی عرب ثقافت کے تحفظ اور عرب تشخص سے وابستگی کا حق ادا کررہی ہے۔ انہوں نے جنادریہ میلے کو ہر لحاظ سے کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے مسلم ، عرب ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کی مزاحمت برسر پیکار مسلم فریقوں کے درمیان مصالحت ، فلسطین، لبنان، عراق اور افغانستان وغیرہ مسلم و عرب ممالک میں سیاسی انتشار ختم کرانے کی کوششوں پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور انکے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج شکر و تحسین پیش کیا۔ مسئلہ فلسطین کے حل، القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنوانے ، قرن افریقی اور بحر احمر کے ساحلی ممالک میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے سعودی عرب کی مساعی جمیلہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی وژن 2030 ، عظیم الشان ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں، اقتصادی وسائل کا دائرہ وسیع کرنے ، آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور انسانی حقوق کے معاملات کو مزید بہتر بنانے جیسے امور کو عظیم کارناموں سے تعبیر کیا۔