اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین شہباز شریف کی زیر صدارت پی اے سی کا پہلا اجلاس آج ہوگا جس میں قومی احتساب بیورو اور وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت دیگر اداروں کے حکام بھی شریک ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں ہونے والے اجلاس میں مختلف موضوعات پر گفتگو کے علاوہ کمیٹی ونگ کی جانب سے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار پر ارکان کو بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت توانائی کا پاور ونگ بھی بجلی کی صورت حال پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق آج شروع ہونے والا اجلاس یکم جنوری 2019ء تک جاری رہے گا۔