اسلام آباد: سیالکوٹ ائرپورٹ سے نئی ائرلائن چلانے کی وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیال ائرلائن کے چیئرمین فضل جیلانی معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن میاں محمد سومرو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے سیالکوٹ کی تاجر برادری کے تعاون سے شروع ہونے والی نئی ائرلائن چلانے کی منظوری دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ائرلائن سروس شروع کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے معاونت پر وزیرا عظم کا شکریہ ادا کیا گیا۔ وزیر اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سیالکوٹ سرمایہ کاری کا اہم مرکز رہا ہے۔ معیشت اور کاروبار کی مزید بہتری کے لیے سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے وزیرا عظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کاروباری طبقے کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہے۔ نئی ائرلائن سے خطے میں روزگار اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تاجر برادری مزید تجاویز پیش کرے، جنہیں حکومت سنجیدگی سے زیر غور لائے گی۔