ریاض ۔۔۔ اوقاف الراجحی نے انگریزی اور عربی زبانوں میں مفت ٹیلیفونک دعوة سینٹر ریاض شہر کے ”الثمامہ “ میں قائم کردیا۔ سیکریٹری جنرل عبدالسلام الراجحی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارے اس سینٹر کا مقصد مملکت میں مقیم مسلم اور غیر مسلم حضرات کو اسلام سے متعلق آگہی فراہم کرنا ہے۔ اسلام کے بارے میں مغالطہ آمیز تصورات اور اسلام کی خوبیوں کے بارے میں کئے جانے والے سوالات کے مدلل جواب فراہم کرنا ہے۔ جو حضرات اسلام کی بابت معلومات حاصل کرنے کے آرزو مند ہوں وہ ٹول فری نمبر 8001225500پر رابطہ کرکے عربی، انگریزی، کسی بھی زبان میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔ خود کار نظام کے تحت معلومات مہیا ہونگی ۔ علاوہ ازیں متعدد داعیان کرام کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ ان کا انتخاب سوچ سمجھ کر اور انکی بابت جملہ معلومات حاصل کرکے کیا گیا ہے۔ عبدالسلام الراجحی نے مزید بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سرکاری کوششوں کے شانہ بہ شانہ نجی ادارہ بھی اپنا کردارادا کرے۔ اسلام کی میانہ روی کو رواج حاصل ہو،مسلمانوں میں رائج بدعات و خرافات کا ازالہ ہو۔انہوں نے اس بات پر اللہ کا شکر ادا کیا کہ الراجحی ادارہ اپنے قیام کے روز اول سے اپنے مذہب کی خدمت سے غافل نہیں۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور انکے ولی عہد کے زیر قیادت ہمارا ملک امن و سلامتی اور خوشحالی کے ماحول میں زندگی گزار رہا ہے۔ انہوں نے مفت ٹیلیفونک دعوة سینٹر کے قیام کے سلسلے میں وزیر اسلامی امو رشیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ اور انکی ٹیم کی مساعی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔